ننھے عرشمان کی مدھر آواز عاطف اسلم کو بھی بھا گئی

اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے کم عمر عرشمان تو پہلے ہی سوشل میڈیا پر اپنے سُروں کا جادو چلا چکے ہیں اور اب ان کی گائیکی اور آواز عاطف اسلم کو بھی بھاگئی ہے۔

جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘  میں بذریعہ ٹیلی فون گفتگو کرتے ہوئے عاطف اسلم نے سوشل میڈیا پر دھوم مچانے والے عرشمان کی گلوکاری کو قابل ستائش قرار دیا۔

شو میں عرشمان لاہور اسٹوڈیو سے شریک تھے جب کہ گلوکار عاطف اسلم فون پر موجود تھے۔

عاطف اسلم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی معصومیت عروج پر ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ سب میری آواز کی نقل کر کے گانے کا ’کور‘ گاتے ہیں جب کہ عرشمان نے اپنی آواز میں گایا ہے۔ 

اس دوران عرشمان نے بتایا کہ وہ ڈاکٹر بننا چاہتے ہیں اور عاطف اسلم سے ملاقات کرنے کے بھی خواہشمند ہیں، جس پر عاطف کا کہنا تھا کہ وہ ان سے ضرور ملیں گے۔

جیو نیوز لاہور اسٹوڈیو فوٹو—. سُروں کے چھوٹے استاد عرشمان

عاطف اسلم نے عرشمان کو مشورہ دیا کہ وہ گائیکی کا کوئی آلہ بجانا ضرور سیکھیں تاکہ اپنے گانے خود کمپوز کرسکیں۔

عاطف نے ننھے گلوکار کو یہ تاکید بھی کی کہ وہ کبھی بھی اپنا شوق کسی کے کہنے پر نہ چھوڑیں اور گلوکاری کے ساتھ اپنی پڑھائی پر بھی توجہ دیں۔

واضح رہے کہ عاطف اسلم نے گزشتہ شام جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ کی ایک ویڈیو کلپ بھی انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں عرشمان کو ان کا ہی مشہور گانا ’دل دیاں گلاں‘گاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

عاطف اسلم نے عرشمان کے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے لکھا کہ وہ جلد ہی ان کے ساتھ کام کریں گے۔



مزید خبریں :