LIVE

ذہنی تناؤ کا شکار ہوں لیکن شرمندہ نہیں: ماورا حسین

ویب ڈیسک
January 08, 2020
 

فوٹو: بشکریہ انسٹاگرام

سوشل میڈیا اور اداکاری سے شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والی اداکارہ ماورا حسین نے ذہنی تناؤ کا شکار ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیفیت سے متعلق بتانے پر شرمندہ نہیں ہوں۔

اداکارہ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر اپنی دماغی صحت کی جدوجہد کے حوالے سے ایک طویل پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ یہ ایک سال قبل ذہنی اضطراب کی کیفیت کا شکار ہوئی تھیں۔

اداکارہ نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے ڈرامے کی مختصر سی ویڈیو شیئر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ ڈرامہ ان کے دل سے بے حد قریب ہے۔

ماورا حسین نے اپنے کیپشن میں بتایا کہ ’ہم سب کی زندگی میں مشکل وقت آتا ہے، میں بے حد خوش قسمت ہوں کہ میرا کام مجھے میرے غم کو اظہار کرنے کی اجازت دیتا ہے‘۔

اداکارہ نے بتایا کہ ’مجھے ذہنی اضطراب کی کیفیت میں مبتلا ہوئے ایک سال ہوگیا ہے، میں اب اس بات پر شرمندہ نہیں ہوتی کیونکہ یہ میری زندگی کا حصہ ہے جیسے آسمان نیلا ہوتا ہے، لیکن اب میں یقینی طور پر اس سے نمٹنے کے لیے تیار ہوں‘۔

ماورا حسین نے اپنے ذہنی اضطراب کی کیفیت کے حوالے سے مزید کہا کہ ’جب بھی مجھے گھبراہٹ ہوتی ہے تو اس وقت میں اپنے گھر والوں اور دوستوں سے دور نہیں بھاگتی بلکہ انہیں اس بارے میں بتاتی ہوں، اس طرح میں اپنی کیفیت سے خود کو زیادہ مضبوط محسوس کرتی ہوں‘۔

ماورا کا کہنا تھا کہ میں یہ سب اس لیے بتا رہی ہوں کہ میں چاہتی ہوں جو لوگ بھی ذہنی اضطراب کا شکار ہیں وہ اس بات سے شرمندہ نہ ہوں۔

اداکارہ نے ایک سال سے ڈپریشن کی کیفیت پر قابو پانے کی جدوجہد کے حوالے سے مزید بتایا کہ میں، 2018 میں سڈنی میں تھراپسٹ کے پاس گئی تھی جنہوں نے مجھے بتایا کہ آپ کا خوف اس کیفیت کو مزید مشکل بنا رہا ہے، اس دن کے بعد سے میں نے یہ فیصلہ کیاکہ اب میں کسی سے کچھ نہیں چھپاؤں گی اور نہ ہی ڈروں گی۔

ماورا نے کہا کہ اب میں باآسانی سمجھ جاتی ہوں کہ کس وقت میں ذہنی اضطراب کا شکار ہو رہی ہوں۔

اداکارہ ماورا حسین نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر ایک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ کسی مشکل کا شکار ہیں، تو آپ بہادر ہیں، اگر آپ کبھی رو بھی رہے ہوں تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ کمزور ہیں، میں آپ سب کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ ہر نیا دن بہتر ہوتا ہے انشااللہ۔

خیال رہے کہ اداکارہ ماورا حسین نے گزشتہ سال انسٹاگرام کے ذریعے ہی بتایا تھا کہ وہ ڈپریشن کی کیفیت میں مبتلا ہیں۔

علاوہ ازیں اداکار عدنان ملک نے بھی چند روز قبل ڈپریشن اور ذہنی اضطراب کی کیفیت کے حوالے سے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی۔