LIVE

آٹا بحران کے بعد چینی کی قیمت میں بھی اضافہ

ویب ڈیسک
January 21, 2020
 

Your browser doesnt support HTML5 video.

ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد چینی بھی مہنگی کردی گئی جس سے عوام کی پریشانی مزید بڑھ گئی۔

سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں فی کلو چینی 5 روپے اضافے کے ساتھ مہنگی کردی گئی جس کے باعث مٹھائی، کیک، بیکری آئٹمز اور دیگر میٹھی اشیاء کی قیمتوں میں 100 سے ڈیرھ سو روپے تک اضافہ کردیا گیا ہے۔

کراچی میں چینی کی قیمت میں 4 روپے اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد فی کلو چینی 78 روپے ہو گئی ہے جب کہ کوئٹہ میں فی کلو چینی 5 روپے اضافے کے ساتھ 80 روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔

لاہور میں فی کلو چینی کی قیمت ڈھائی روپے بڑھا کر 80 روپے میں فروخت کی جارہی ہے جب کہ پشاور میں چینی کی قیمت 73 روپے فی کلو تھی جو اب 5 روپے اضافے کے بعد 78 روپے ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے جس کے باعث سندھ، خیبرپختونخو اور پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوا اور اس کی قلت بھی پیدا ہوگئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے آٹے کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لیا اور بحران سے نمٹنے کیلئے گرینڈ آپریشن کی ہدایت کی ہے جب کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بحران سے نمٹنے کے لیے تین لاکھ میٹرک ٹن گندم برآمد کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔