LIVE

کشمیر میں بھارتی مظالم اقوام متحدہ کے منہ پر طمانچہ ہے: پاکستان

ویب ڈیسک
February 05, 2020
 

پاکستان نے مسئلہ کشمیر سے متعلق یادداشت اقوام متحدہ مبصر مشن کے حوالے کر دی۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اقوام متحدہ مبصرین کو مسئلہ کشمیر سے متعلق  یادداشت پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر بھارت اپنی فوج کو کشمیر سے نکالے۔

یادداشت میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے اور ہندوستان کے جو قدم قتل کی طرف بڑھ رہے ہیں انہیں روکا جائے۔

یادداشت کے مطابق  مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے، اس کا پُرامن حل اقوام متحدہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

پاکستان کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں چھ ماہ سے بدترین لاک ڈاؤن جاری ہے جس کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی جاری ہے اور یہ بھارتی مظالم  اقوام متحدہ کے منہ پر طمانچہ ہیں۔

یادداشت میں اقوام متحدہ سے کہا گیا کہ وہ  اپنا اہم کردار ادا کرتے ہوئے کشمیر میں لاک ڈاؤن، مظالم کے خاتمے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے اور مسئلہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

یادداشت میں مزید بتایا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، دنیا کے امن کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر حل ہو۔