LIVE

چین میں کورونا وائرس سے متاثر ایک امریکی شہری بھی چل بسا

ویب ڈیسک
February 08, 2020
 

امریکی سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 60 سالہ امریکی شہری میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جو ووہان کے اسپتال میں دم توڑ گیا— فوٹو: فائل

چین میں کورونا وائرس سے متاثر ایک امریکی شہری بھی چل بسا۔

چین میں واقع امریکی سفارتخانہ نے ہفتے کو اس بات کی تصدیق کی کہ پُراسرار کورونا وائرس سے متاثرہ ایک امریکی شہری ہلاک ہوگیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے (اے ایف پی) کے مطابق امریکی سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 60 سالہ امریکی شہری جس میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، 6 فروری کو ووہان میں واقع ایک اسپتال میں ہلاک ہوگیا۔ ہماری دلی ہمدردیاں اُس شخص کے گھر والوں کے ساتھ ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مرنے والے شخص پر کسی بھی قسم کا کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا جائے گا اور اُس شخص کے گھر والوں کا احترام کرتے ہوئے ذاتی زندگی میں مداخلت نہیں کی جائے گی۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے اب تک مرنے والوں کی تعداد تقریباً 722 ہوگئی ہے جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

اس کے علاوہ چین سے باہر بھی دو افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں جن میں ایک ووہان شہر کا رہائشی فلپائن میں ہلاک ہوا جبکہ ایک 39 سالہ شخص ہانگ کانگ میں ہلاک ہوا۔

چین کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین میں 19 غیر ملکی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے دو اب بہتر ہیں۔ متاثرہ غیر ملکی افراد کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی۔