08 فروری ، 2020
چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 722 تک پہنچ گئی ہے جس سے بعد کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 2 دہائی قبل چین اور ہانگ کانگ میں آنے والے سیویئر ایکیوٹ ریسپائریٹری سنڈروم ( سارس) سے تجاوز کر گئی ہے۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 86 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 3 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 34 ہزار 546 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس سے چین میں ہلاکتوں کی بعد 722 تک پہنچ گئی ہے جس میں سے بڑی تعداد کا تعلق وبا پھیلنے کا باعث بننے والے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان سے ہے۔
چینی حکام نے کئی سالوں سے پبلک ہیلتھ سسٹم میں خدمات سرانجام دینے والے وینگ ہیشنگ کو صوبائی کمیونسٹ پارٹی کا ممبر مقرر کر دیا ہے جو کورونا وائرس کے تدارک کے لیے کام کریں گے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین اور کورونا وائرس سے متاثرہ دیگر ممالک کی امداد کے لیے 10 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ 2002-03 میں سارس کے باعث چین میں تقریباً 650 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ اس وائرس سے دنیا کے دیگر ممالک میں بھی 120 افراد ہلاک ہوئے تھے۔