LIVE

بلاول کو کہیں سے سرٹیفکیٹ نہیں ملا کہ انہیں کوئی ہاتھ نہیں لگا سکتا: شہزاد اکبر

ویب ڈیسک
February 13, 2020
 

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو کہیں سے کوئی سرٹیفکیٹ نہیں ملا کہ انہیں ہاتھ نہیں لگایا جا سکتا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کہتے ہیں چیف جسٹس نے کہا میں بے گناہ ہوں، پہلے ایک صاحب کہتے تھے مجھے کیوں نکالا، اب ایک صاحب کہتے ہیں مجھے کیوں بلایا۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، آپ کو بلایا جاتا ہے تو جواب دینا ہو گا، بلاول بھٹو کو کہیں سے کوئی سرٹیفکیٹ نہیں ملا کہ انہیں ہاتھ نہیں لگایا جاسکتا۔

معاون خصوصی برائے احتساب نے کہا بلاول کہتے ہیں چیف جسٹس آف پاکستان نے انہیں بے گناہ قرار دیا، بلاول بھٹو کاش آپ پاکستان میں پڑھے ہوتے۔

انہوں نے مزید کہا آپ کو کسی نے بے گناہ نہیں کہا تھا، عدالت نے آپ کو معصوم کہا تھا، یہ بات شیخ رشید روز کہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا سپریم کورٹ کے حکم نامے کا پیرا نمبر 23 تھا کہ بلاول کو نیب میں پیش کیا جائے۔