LIVE

انتونیو گوتریس کی آرمی چیف سے ملاقات؛ افغان امن اور مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال

ویب ڈیسک
February 17, 2020
 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور  افغان مہاجرین  سمیت علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انٹر سروسز  پبلک ریلیشنز  (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہونے والی ملاقات میں  افغان مفاہمتی عمل اور مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغان مہاجرین کے معاملے اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی بات کی گئی۔

اس  موقع پر  سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل در آمد کی ضرورت ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مستحکم اور  پر امن پاکستان کے حصول کے لیے پرعزم ہیں اور اس کے لیے تہیہ کیے ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انتونیو گوتریس نے  اقوام متحدہ امن مشنز میں پاکستان کی خدمات  اور  انسداد دہشت گردی میں پاکستان کی غیر معمولی کامیابیوں کو تسلیم کیا۔

 آرمی چیف سے ملاقات میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ  نے آزاد کشمیر میں فوجی مبصرین کو بھرپور رسائی دینے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

انتونیو گوتریس نے پاکستان میں سیکیورٹی کی بہتر صورتحال کو سراہا اور  علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی مثبت کوششوں کی تعریف بھی کی۔