LIVE

تاریخی شہر لاہور ، کچرے کا ڈھیر

ویب ڈیسک
February 19, 2020
 

 ایل ڈبلیو ایم سی کے ملازمین تنخواہ کی عدم ادائیگی پر دو روز سے ہڑتال پر ہیں جس کے باعث لاہور میں جگہ جگہ کوڑے کا انبار لگ گیا ہے—فوٹو فائل

پاکستان کے صوبے پنجاب کا تاریخی شہر لاہور کچرے کے ڈھیر  میں تبدیل ہو گیا۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے ملازمین تنخواہ کی عدم ادائیگی کی وجہ سے دو روز سے ہڑتال پر ہیں جس کے باعث لاہور میں جگہ جگہ کوڑے کا انبار لگ گیا ہے۔

 انارکلی، اردو بازار، بھاٹی چوک، پانی والا تالاب، میو اسپتال چوک، لکشمی چوک، نسبت روڈ، ایبٹ روڈ، میکلوڑ روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کچرے کے ڈھیر دکھائی دینے لگے ہیں۔

علاقوں میں کوڑے دان کچرے سے اٹ گئے جب کہ کوڑے دانوں کے اردگرد بھی کچرے کا ڈھیر پھیل گیا ہے۔ اس کے علاوہ گلی محلوں کی سڑکیں اور شاہرائیں بھی کچرے سے بھری پڑی ہیں۔

بدبو کے باعث شہریوں کا رہنا اور گزرنا دشوار ہو گیا ہے، ایسے میں شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کی صفائی کو نظر لگ گئی ہے، صاف ستھرا رہنے والا شہر گندا رہنے لگا ہے۔

ادھر ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی ہڑتال کا باعث بنی ہے، تنخواہ ملنے پر ملازمین کام کریں گے ورنہ وہ کوڑا نہیں اٹھائیں گے۔