LIVE

پُراسرار کورونا وائرس ایران بھی پہنچ گیا

ویب ڈیسک
February 19, 2020
 

کورونا وائرس چین کے علاوہ دنیا کہ دو درجن سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے— فوٹو: فائل

چین سے پھیلنے والا جان لیوا کورونا وائرس ایران بھی پہنچ گیا جہاں دو افراد میں پُراسرار کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

فرانسسی نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کے وزیرِ صحت نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دو افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن کا نتیجہ مثبت آیا، جس کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ایران کی نیوز ایجنسی ’ارنا‘ کے مطابق وزیرِ صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں کیسز ایران کے شہر قم میں سامنے آئے ہیں۔ کچھ دنوں سے شہر قم میں کورونا وائرس کے مشتبہ کیسز پر مشاہدہ کیا جارہا تھا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ رپورٹ حاصل کرنے کے فوراً بعد ہی ٹیم روانہ ہوگئی اور اُن افراد کو علیحدہ یونٹ میں منتقل کرکے اُن کے ٹیسٹ کیے گئے۔

وزیرِ صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جن افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اُن کے مزید ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس کے نتائج کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے چین میں 2000 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 74000 سے زائد افراد میں اس وائرس کے موجود ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ کا پہلا ملک تھا جہاں پر کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا تھا۔