LIVE

ٹیکسٹائل ملز مالکان اور حکومت میں بجلی کے بلوں کا تنازع شدت اختیار کر گیا

ویب ڈیسک
February 25, 2020
 

پنجاب سمیت ملک بھر کی ملیں جلد بند کردی جائیں گی: رہنما اپٹما—فوٹو فائل

 آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) اور حکومت کے درمیان  بجلی کے بلوں کا تنازع شدت اختیار کر گیا۔

 ٹیکسٹائل ملز مالکان نے بجلی کے یکمشت بھجوائے گئے بقایاجات ادا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ 

 اپٹما رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت کو کو آگاہ کردیا ہے کہ پنجاب سمیت ملک بھر کی ملیں جلد بند کردی جائیں گی۔

اپٹما کے مطابق 12 ماہ کے بقایا جات بل یکمشت بھجوا دیئے گئے ہیں، کروڑوں روپے کے اضافی بل ادا نہیں کر سکتے، یہ وزارت توانائی و پٹرولیم کا ظلم ہے، ان حالات میں ملیں نہیں چل سکتیں، اس سے دس لاکھ مزدور بے روز گار ہو جائیں گے ۔

واضح رہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافی سرچارجزکی وصولی کی بنا پر تمام ملوں کو 40 فی صد اضافی بل بھیج دیے گئے ہیں اور فی یونٹ قیمت 12 کے بجائے 20 روپے وصول کی جا رہی ہے۔

ٹیکسٹائل ملز مالکان کی جانب سے اضافی ٹیرف کو مسترد کردیا گیا ہے۔