Time 02 فروری ، 2020
کاروبار

اپٹما کا بجلی کے اضافی ٹیرف واپس نہ لینے کی صورت میں ملک گیر ہڑتال کا اعلان

اس مرتبہ کپاس کی پیداوار بھی ریکارڈ کم ہوئی ہے، حکومت لاکھوں افراد کو بے روز گار کرنے سے باز رہے،اپٹما،فوٹو:فائل

بجلی کے بڑھتے ٹیرف کے معاملے  پر ٹیکسٹائل ملزمالکان اور وزارت  بجلی کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرگیا، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دے دی۔

اپٹماذرائع کےمطابق بجلی کے بلوں میں اضافی سرچارجزکی وصولی کی بنا پر تمام ملوں کو 40  فی صد اضافی بل بھیج دیے گئے ہیں ،اورفی یونٹ قیمت 12 کے بجائے 20 روپے وصول کی جا رہی ہے۔

ٹیکسٹائل ملز مالکان کی جانب سے  اضافی ٹیرف کو مسترد کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اپٹما کی جانب سے  وزیراعظم عمران خان کوخط لکھا گیا ہے کہ اگلے ہفتےتک فیصلہ واپس لیا جائے۔

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بجلی کے اضافی بل ادا کرنے کی سکت نہیں، 100ملیں پہلے ہی بند ہو چکی ہیں ،اب باقی کو بھی بند کرنے پر مجبور کیاجا رہا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اس مرتبہ کپاس کی پیداوار  بھی ریکارڈ کم ہوئی ہے، حکومت لاکھوں افراد کو بے روز گار کرنے سے باز رہے۔

اپٹما کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو  ملک گیر ہڑتال کی جائے گی اور تمام ملیں بند کردیں گے۔

مزید خبریں :