LIVE

بین ڈنک کی دھواں دھار بیٹنگ، قلندرز نے کراچی کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

ویب ڈیسک
March 08, 2020
 

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے 5 ویں ایڈیشن کے 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کراچی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں ایلکس ہیلز کی شاندار بلے بازی کی بدولت 187 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز نے 188 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوورز کی پہلی گیند پر پورا کرلیا۔

کراچی کی اننگز

کراچی کنگز نے  ایلکس ہیلز کی شاندار بلے بازی کی بدولت 187 رنز بنائے،فوٹو:پی ایس ایل آفیشل

کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔

کنگز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور اس کے اوپنر شرجیل خان تیسرے اوور میں 10 کے مجموعی اسکور پر 5 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

ان کے بعد بابر اعظم اور ایلکس ہیلز نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا۔

کراچی کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جو کہ 70 کے مجموعی اسکور پر 38 رنز بنا کر معاذ خان کا شکار ہوگئے۔

اس دوران کیمرون ڈیلپورٹ اور افتخار احمد کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھائے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔

دوسرے اینڈ پر ایلکس ہیلز نے جارحانہ اننگز کا سلسلہ جاری رکھا جب کہ اس موقع پر نئے آنے والے وکٹ کیپر بلے باز والٹن نے دھواں دھار اننگز سے میچ کا نقشہ بدل دیا، والٹن نے 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 20 گیندوں پر 45 رنز بنائے اور سلمان ارشاد کا شکار ہوگئے۔

ایلکس ہیلز نے 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 48 گیندوں پر شاندار 80 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے  معاذ خان نے 2 اور سلمان ارشاد نے ایک وکٹ حاصل کی جب کہ کراچی کے 2 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

لاہور کی اننگز

بین ڈنک نصف سنچری کے داد وصول کرتے ہوئے — فوٹو: لاہور قلندرز آفیشل

ہدف کے تعاقب میں قلندرز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور اس کے اوپنر فخر زمان پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رنز بنائے محمد عامر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

ان کے بعد آنے والے سینیئر بلے باز محمد حفیظ بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے اور 24 گیندوں پر 16 رنز بناکر عمر خان کا شکار ہوگئے۔

ان کے بعد کپتان سہیل اختر اور بین ڈنک نے جارحانہ انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور 140 رنز کی قیمتی شراکت سے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کردیا۔

یوں قلندرز نے ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری اور مجموعی طور پر تیسری فتح حاصل کی۔ اس سے قبل قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دو میچز میں شکست دی ہے۔

 بین ڈنک نے ایک بار پھر دھواں دھار اننگز کھیلتے ہوئے 40 گیندوں پر 99 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 12 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔

کپتان سہیل اختر نے بھی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 46 گیندوں پر 68  رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں رواں ایڈیشن میں پہلی بار مدمقابل تھیں۔