LIVE

انڈسٹریز کو کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے: وزیراعظم

ویب ڈیسک
April 02, 2020
 

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ دوسرے ممالک کی نسبت کم ہے لہذا ہم نے انڈسٹریز کو کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے کمزور طبقے کو کورونا وائرس سے معاشی خطرات لاحق ہیں، وائرس کے باعث مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مزدور طبقے کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے لیکن کمزور طبقے کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمے داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کاروباری شخصیات کو سپورٹ کر رہے ہیں کیونکہ حکومت کی ترجیح ہے کہ ملک میں صنعت کو فروغ دیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری کے لیے بڑے پیکج کا اعلان کرنے جا رہے ہیں، ہم نے بیلنس کو دیکھنا ہے کہ کورونا نہ پھیلے اور انڈسٹری بھی چلتی رہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ کرلیا ہے کہ انڈسٹری کو کھولنا ہے، یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کون کون سی انڈسٹری کو چلنے دینا ہے، ہم بتا بھی دیں گے کہ کس طرح ایس او پیز کے تحت انڈسٹری چل سکتی ہیں۔ 

عمران خان نے کہا کہ کورونا سے پوری دنیا مشکل میں ہے، ہم موجودہ وسائل سے کورونا پر قابو پالیں گے کیونکہ پاکستان میں کورونا وبا کا پھیلاؤ دیگر ممالک کی نسبت کم ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر 24 مارچ سے پورے ملک میں لاک ڈاؤن ہونے کے باعث انڈسٹریز، دفاتر اور تمام کاروباری مراکز بند ہیں۔

انڈسٹریز بند ہونے کی وجہ سے کاروباری طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کااظہار ٹیکسٹائل اور دیگر انڈسٹریز سے تعلق رکھنے والے افراد کر بھی چکے ہیں۔