پاکستان

کورونا کے معیشت پر منفی اثرات: وزیراعظم برآمدی صنعت کیلیے مراعات کا اعلان کریں گے

وزیر اعظم کے اعلان کے بعد برآمدکنندگان کو ادائیگی فوری شروع ہو جائے گی جس سے کاروباری طبقے کو برآمدات بڑھانے اور تجارتی سرگرمیوں میں مدد ملے گی: ذرائع۔ فوٹو: فائل

کورونا وائرس کے ملکی معیشت پرمنفی اثرات کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان آج برآمد صنعت کے لیے مراعات کا اعلان کریں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر اعظم برآمدی صنعت کو 100 ارب روپے دینے کا اعلان کریں گے اور 100ارب کی ادائیگی جمع کرائے گئے ایڈوانس ٹیکس ریفنڈ سے کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے اعلان کے بعد برآمدکنندگان کو ادائیگی فوری شروع ہو جائے گی، حکومتی مراعات برآمدکنندگان کو برآمدات بڑھانے اور کاروباری سرگرمیوں میں مدد دیں گی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم دیگر انڈسٹریز کے لیے بھی مراعات کا مرحلہ وار اعلان کریں گے اور وزیر اعظم نے معاشی ٹیم کو کاروباری سرگرمیاں شروع کرانے کا ٹاسک بھی دے دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکسپورٹ انڈسٹری کو مراعات دینے کی باضابطہ تقریب اسلام آباد میں ہوگی۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دی تھی جب کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے بھی پیٹرول کی قیمت 15 روپے فی لیٹر کمی کی تھی۔

مزید خبریں :