LIVE

حفاظتی لباس کے مطالبے پر ڈاکٹروں پر تشدد حکومتی غنڈہ گردی ہے: بلاول

ویب ڈیسک
April 06, 2020
 

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں ڈاکٹروں پر تشدد اور ان کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حفاظتی لباس کے مطالبے پر ڈاکٹروں پر تشدد حکومتی غنڈہ گردی ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ ایک ایسے وقت میں جب ڈاکٹروں کی ضرورت اسپتالوں میں ہے تو انہیں جیل بجھوا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت جائز مطالبات پر تشدد اور گرفتاریاں کرکے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔

بلاول نے کہا کہ ڈاکٹرز کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر جدوجہد کر رہے ہیں اور  پوری دنیا میں ڈاکٹروں کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے لیکن نئے پاکستان کی سرکار انہیں جیل بھجوا رہی ہے۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں پر تشدد اور گرفتاری سے ان کا مورال ڈاؤن کرنے کی کوشش پی ٹی آئی حکومت کی بدترین نااہلی ہے، ڈاکٹر خود کو تنہا نہ سمجھیں، پیپلزپارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے حوالے سے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی زبردست خدمات پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ کوئٹہ میں حفاظتی کٹس کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا تھا۔

مظاہرین سول اسپتال سے مارچ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پہنچے تھےکہ اس دوران پولیس نے ڈاکٹرز اور طبی عملے پر لاٹھی چارج کیا اور کئی ڈاکٹرز و طبی عملے کو گرفتار کرلیا۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک متعدد ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف مہلک وائرس کا شکار بن گئے ہیں۔ ڈاکٹروں کی جانب سے مسلسل حفاظتی کٹس کی فراہمی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔