LIVE

بھارت کے لیجنڈری اداکار رشی کپور چل بسے

ویب ڈیسک
April 30, 2020
 

کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور چل بسے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق67 سالہ رشی کپور کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے جنہیں بدھ کی رات طبیعت ناساز ہونے پر ممبئی کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ان کی حالت سنبھل نہیں سکی  اور وہ دنیا سے رخصت ہوگئے۔

رشی کپور کے انتقال کی تصدیق ان کے بھائی رندھیر کپور نے کی اور اس دوران رشی کپور کی اہلیہ نیتو سنگھ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

گزشتہ برس  لیجنڈ اداکار کی اہلیہ نیتو سنگھ نے  رشی کپور کی بیماری سے متعلق انکشاف کیا تھا کہ انہیں کینسر کا عارضہ لاحق ہے۔

رشی کپور نیویارک میں زیر علاج تھے اور علاج کرانے کے بعد وہ واپس بھارت آئے تھے، ان کے سوگوران میں اہلیہ نیتو سنگھ، بیٹا رنبیر کپور اور بیٹی ردہما کپور شامل ہیں۔

 رشی کپور کا فلمی کیرئیر

لیجنڈری اداکار رشی کپور نے 150 سے زائد فلموں میں کام کیا اور انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1970 میں راج کپور کی فلم ’میرا نام جوکر‘ سے کیا جس میں انہوں نے اپنے والد کے ہی بچپن کا کردار ادا کیا تھا۔

اس کے بعد انہوں نے پہلی مرتبہ فلم ’بابی ‘ میں مرکزی کردار ادا کیا جس سے انہوں نے شہرت کی بلندیاں کو چھوا۔

رشی کپور نے متعدد مقبول فلموں میں کام کیا جس میں لیلیٰ مجنوں، چاندنی، حنا، بول، یہ وعدہ رہا، ہم کسی سے کم نہیں، بدلتے رشتے، عجوبہ، چاندنی، امر اکبر انتھونی،  دیوانہ اور دیگر مشہور فلمیں شامل ہیں۔

رشی کپور نے آخری مرتبہ 2018 میں فلم ’102‘ میں اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کیا تھا جس کے بعد سے ان کی طبیعت ناساز ہوگئی تھی۔

انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر میں متعدد لیجنڈری اداکاروں سمیت نئے نوجوان اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔

رشی کپور نے اپنی بہترین اداکاری سے مداحوں کے دلوں میں گھر کرتے ہوئے فلم فیئر، نیشنل فلم ایوارڈز سمیت کئی اعزاز بھی اپنے نام کیے۔