29 اپریل ، 2020
بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار عرفان خان ممبئی میں انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 53 سالہ عرفان خان کولون (بڑی آنت) کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے کوکیلابین دھیروبھائی امبانی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
عرفان خان کئی ماہ سے کینسر کے خلاف جنگ بھی لڑ رہے تھے اور چند ماہ قبل لندن میں زیر علاج رہنے کے بعد واپس ممبئی آئے تھے۔
گزشتہ روز اداکار عرفان خان کے ایک ترجمان کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی تھی ان کی طبیعت بگڑنے پر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا۔
عرفان خان کو مارچ 2018 میں نیورو اینڈوکرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ کینسر کے علاج کے لیے لندن منتقل ہوگئے تھے۔
بعد ازاں وہ فروری 2019 میں اپنی فلم 'انگریزی میڈیم' کی شوٹنگ کے لیے واپس بھارت آئےتھے اور شوٹنگ ختم ہونےکے بعد واپس لندن چلے گئے تھے۔
عرفان خان لندن میں کینسر کے علاج اور سرجری ہونے کے بعد ستمبر 2019 میں بھارت آئے تھے۔
اداکار عرفان خان نے ہندی میڈیم، انگریزی میڈیم، لنچ باکس اور پیکو سمیت متعدد فلموں میں کام کیا اور شاندار اداکاری سے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنالیا۔
عرفان خان کی ہالی وڈ فلموں میں لائف آف پائی، جراسک ورلڈ، سلم ڈاگ ملینیئر اور دی ایمزنگ اسپائیڈرمین شامل ہیں۔
25 اپریل کی صبح بالی وڈ اداکار عرفان خان کی والدہ سعیدہ بیگم 95 سال کی عمر میں جے پورمیں انتقال کر گئیں تھیں اور عرفان خان لاک ڈاؤن کی وجہ سے ممبئی سے جے پور اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت نہیں کر سکے تھے اور انہوں نے ویڈیو کالنگ کے ذریعے اپنی مرحوم والدہ کا اخری دیدار کیا تھا۔
اداکار عرفان خان کے انتقال پر بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن سمیت دیگر بھارتی شوبز شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی اداکار امیتابھ بچن کاکہنا ہےکہ عرفان خان کےانتقال کی خبر افسردہ اور پریشان کن ہے، ان کے جانے سے انڈسٹری میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے۔
امیتابھ بچن نے مرحوم اداکار کے ٹیلنٹ کی تعریف کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں سے دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔
اکشے کمار نے کہا کہ ہمارے زمانے کے بہترین اداکاروں میں سے ایک عرفان خان کے انتقال کا سن کر بے حد افسوس ہوا ہے، خدا اس مشکل گھڑی میں ان کے گھر والوں کو ہمت دے۔
اداکارہ پریانکا چوپڑا نے عرفان خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ لواحقین سے تعزیت کی۔
اجے دیوگن نے عرفان خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سنیما کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔
اجے دیوگن نے عرفان خان کی اہلیہ اور بچوں سے تعزیت بھی کی۔
اداکارہ سونم کپورنے عرفان خان کے انتقال پر افسوس اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
بالی وڈ اداکارہ شبانہ اعظمی نے اداکار عرفان خان کے انتقال پر شدید رنج کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ عرفان خان کا انتقال نہ صرف ان کے گھر والوں کے لیے بلکہ پوری فلم انڈسٹری کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔