LIVE

پنجاب کے بعد کے پی کی فلور ملز کا بھی کل سے ملز بند کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک
May 17, 2020
 

پنجاب کے بعد خیبر پختونخوا کی فلور ملز ایسوسی ایشن نے کل سے ملز  بند کرنے کا اعلان کردیا۔

پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب میں ملوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں لہٰذا مطالبات تسلیم کیے جانے تک ہڑتال جاری رہے گی۔

اُدھر فلور ملز ایسوسی ایشن نے سیکرٹری فوڈ کی جانب سے مزاکرات کی دعوت مسترد کردی ہے۔

چیئرمین پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کا کہنا ہے کہ حکومت مذاکرات کی دعوت بھی دے رہی ہے اور ساتھ میں ملتان میں ملز بھی سیل کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہڑتال اور احتجاج کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

دوسری جانب خیبر پختون خوا فلور ملز ایسو سی ایشن کے چیئرمین محمد اقبال نے بھی کل سے ہڑتال کا اعلان کردیا۔ 

ان کا کہنا ہے کہ پنجاب سے خیبر پختونخوا کو ایک ماہ سے گندم کی فراہمی بند ہے، گندم کی ترسیل پر پابندی کے خلاف احتجاجاً ہڑتال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی 180 فلور ملز کل سے ہڑتال کریں گی۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں بلوچستان میں بھی فلور ملز ایسوسی ایشن نے ملز بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔

فلور ملز مالکان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان نہ تو محکمہ خوراک کے ذریعے خریداری کرتی ہے اور نہ ہی فلورملز کو اجازت دیتی ہے، رواں سال کیلئےحکومت بلوچستا ن نے صرف 10لاکھ بوری گندم خریدنے کا ٹارگٹ دیا جوکہ صوبے کی ضرورت کے مطابق بہت کم ہے۔