16 مئی ، 2020
فلور ملز ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے چھاپوں کے خلاف پنجاب کی تمام فلور مِلیں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب عاصم رضا کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی جانب سے مسلسل ملوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں اس لیے ہم نے چھاپوں کے خلاف ہڑتال کا فیصلہ کیاہے۔
چیئرمین فلور ملزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملوں کو 72 گھنٹے پسائی کیلئے گندم مل میں رکھنے کی اجازت تھی جب کہ موجودہ صورت حال میں ملز کے پاس 48 گھنٹے کی گندم بھی موجود نہیں۔
عاصم رضا کا کہنا تھا کہ انتظامیہ گندم کی خریداری میں ناکام ہے اور اب ملز میں موجود گندم جبری طور پر اٹھائی جا رہی ہے جب کہ محکمہ خوراک نے اوپن مارکیٹ سے گندم خریدنے پر بھی پابندی لگا رکھی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں بلوچستان میں بھی فلور ملز ایسوسی ایشن نے ملز بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔
فلور ملز مالکان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان نہ تو محکمہ خوراک کے ذریعے خریداری کرتی ہے اور نہ ہی فلورملز کو اجازت دیتی ہے، رواں سال کیلئےحکومت بلوچستا ن نے صرف 10لاکھ بوری گندم خریدنے کا ٹارگٹ دیا جوکہ صوبے کی ضرورت کے مطابق بہت کم ہے۔