LIVE

وزیر اعظم نے وبا کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کو دورہ انگلینڈ کی اجازت دے دی

ایاز اکبر یوسف زئی
June 15, 2020
 

وزیر اعظم عمران خان  نے قومی کرکٹ ٹیم کو کورونا وبا کے دوران دورہ انگلینڈ کی اجازت دے دی۔

وزیراعظم نے دورے کی اجازت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی سے آج ہونے والی ملاقات میں دی۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کے باعث کرکٹ سمیت کھیلوں کی تمام سرگرمیاں معطل رہیں، چاہتے ہیں کھیل کے میدان جلد آباد ہوں اور کھیلوں سے محبت کرنے والے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو جلد دیکھ سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ پاکستانیوں کے خون میں شامل ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کرکٹ بورڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں پر وزیر اعظم کو اعتماد میں لیا اور بورڈ کے مالی معاملات، ڈومیسٹک  انٹرنیشنل کرکٹ سمیت دیگر امور پر بھی بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کرکٹ بورڈ کے معاملات شفاف طریقے سے چلائے جائیں، کورونا کے دنوں میں کسی کو بھی پی سی بی میں ملازمت سے فارغ نہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ ‏پاکستان کرکٹ ٹیم کا جولائی اگست میں انگلینڈ کا دورہ شیڈول ہے اور 30 جولائی کو پہلا ٹیسٹ کھیلا جاناہے لیکن کورونا کی صورت حال میں سیریز کے شیڈول میں ردو بدل کا امکان ہے جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔

دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے جس میں سینٹرل کنٹریکٹ اور ایمرجنگ کیٹیگری کے 20 کھلاڑی شامل ہیں۔

دورہ انگلینڈ کے دوران ٹیسٹ سیریز کی کپتانی اظہر علی کریں گے جب کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہوں گے۔