LIVE

کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں پیٹرول کی قلت برقرار

ویب ڈیسک
June 17, 2020
 

قیمتوں میں کمی کے 17 روز بعد بھی کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں پیٹرول کی فراہمی مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی ہے۔

پیٹرول نہ ہونے کی وجہ سے شہر کے متعدد  پیٹرول پمپس بند ہیں جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پیٹرول پمپس انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ کراچی سے پیٹرول کی سپلائی تاحال متاثر ہے اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد طلب میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر  320 پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق صوبے میں 117 پیٹرول پمپس کو حکومتی احکامات نہ ماننے پر تنبیہ کی گئی ہے جب کہ 48 پیٹرول پمپس پر مجموعی طور پر1 لاکھ 21 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد سے ملک بھر میں پیٹرول کا بحران پیدا ہوگیا تھا اور حکومت اب تک اس مسئلے کو مکمل طور پر حل کرنے میں ناکام ہے۔

وزارت پیٹرولیم کی بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ میں پیٹرول بحران کا ذمے دار نجی تیل کمپنیوں کو قرار دیا ہے۔