LIVE

حکومت نے 2016ء کے طیارہ حادثے میں جاں بحق پائلٹس کو بھی معطل کردیا، اعجاز الحق

ویب ڈیسک
June 27, 2020
 

سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق کا کہنا ہے کہ حکومت نے گذشتہ روز حویلیاں طیارہ حادثے میں جاں بحق پائلٹس کو بھی معطل کردیا۔

ایک بیان میں اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز وفاقی وزیر برائے شہری ہوابازی غلام سرور خان نے ان پائلٹس کو بھی معطل کردیا جو 2016ء میں حویلیاں میں اے ٹی آر طیارہ حادثے میں جاں بحق ہوئے تھے ۔

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر انہوں نےسوال کیا کہ کیا بطور پاکستانی شہری ہم جان سکتے ہیں کہ 25  ڈالرز بیرل پرتیل کی درآمد کس نےبند کی؟ تیل کی درآمد 34 ڈالرز بیرل پہنچنے پرکس نے کھولی؟

اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ جنہوں نے 24 ڈالرزبیرل پر تیل کی ذخیرہ اندوزی کی وہ اس وقت مال بنا رہے ہیں، مافیا جیت گئی اور عوام متاثر ہو رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں  ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ مشتبہ لائسنس کے حامل 150 پائلٹس کو طیارہ اڑانے سے روک دیا گیا ہے اور جو پائلٹ اپنے لائسنس کی تصدیق کرالیں گے انہیں ڈیوٹی پر واپس لے لیا جائےگا۔

دوسری جانب گذشتہ روز وفاقی وزیر شہری ہوابازی غلام سرورخان نےکہا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) میں 28 پائلٹس کی ڈگریاں جعلی ثابت ہوچکی ہیں، حالیہ دنوں میں 4 گھوسٹ پائلٹس فارغ کیے جا چکے ہیں۔

 وفاقی وزیر ہوابازی کا کہنا تھا کہ مشکوک لائسنس کے حامل پائلٹس کی فہرستیں تمام متعلقہ اداروں کوبھیج دی ہیں، ان کےخلاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو فوجداری تحقیقات کے لیے لکھ رہےہیں۔