LIVE

کورونا وبا کے دوران عوام کے سودا سلف کا خرچہ 33 فیصد بڑھ گیا، گیلپ سروے

ویب ڈیسک
July 07, 2020
 

کورونا وائرس کی  وبا کے دوران  پاکستانی عوام کے بنیادی ضروریات پر اخراجات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

اس بات کا انکشاف عوامی آراء جاننے کے حوالے سے معروف ادارے گیلپ کے حالیہ سروے میں ہوا ہے۔

گیلپ سروے کے مطابق کورونا وبا کے دوران عوام کے سودا سلف کا خرچہ 33 فیصد بڑھ گيا ہے جب کہ  دواؤں اور گھریلو صفائی کے سامان پر  ہونے والے اخراجات میں بھی 32، 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سروے کے مطابق  شہریوں کے ٹیلی فون اور موبائل فون پر خرچ میں بھی 29 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سروے کے دوران 16 فیصد پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے اضافی آمدنی کے ذرائع تلاش کررہے ہیں۔

اس سوال کے جواب میں  کہ کیا آپ کو  پچھلے 7 دنوں میں اخراجات پورے کرنے کے لیے گھر کی اشیاء فروخت کرنا پڑیں ؟ اس پر  7 فیصد افراد کا جواب ہاں میں تھا جب کہ 93 فیصد افراد نے اس سے انکار کیا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 4 ہزار 839 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔