LIVE

بچے کے دل میں گھسے چاقو کو کامیاب آپریشن کے بعد نکال لیا گیا

خاور خان
July 16, 2020
 

قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) میں ڈاکٹروں نے 10 سالہ بچے کے دل میں گھسے چاقو کو کامیاب آپریشن کے بعد نکال لیا۔

اہل خانہ کے مطابق بچے آپس میں کھیل رہے تھے کہ اس دوران اتفاقیہ طور پر ایک بچے کے سینے میں چاقو گھس گیا جس کے بعد زخمی بچے کو کراچی کے مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں لے گئے مگر سب نے جواب دے دیا۔

والدین کے مطابق پھر بچے کو این آئی سی وی ڈی لے کر آئے جہاں ڈاکٹرز نے فوری طور پر بچے کے دل کا پچیدہ آپریشن کر کے اس کی زندگی بچا لی۔

ترجمان اسپتال کے مطابق اس پیچیدہ آپریشن میں این آئی سی وی ڈی کے پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن سہیل بنگش، ڈاکٹر عبدالستار شیخ اور اینستھیزیالوجسٹس ڈاکٹر محمد امین خواجہ نے حصہ لیا۔

بچے کی زندگی اب خطرے سے باہر ہے، اسے جلد آئی سی یو سے وارڈ میں شفٹ کیا جائے گا اور بعد میں اسپتال سے ڈسچارج کیا جائے گا۔