LIVE

محمد عامر کو حارث رؤف کی جگہ انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ

سہیل عمران
July 20, 2020
 

فاسٹ بولر محمد عامر کو حارث رؤف کی جگہ انگلینڈ بھیجنےکے فیصلے کی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کر دی۔

حارث رؤف کا کووڈ 19 ٹیسٹ بار بار مثبت آنے کی وجہ سے محمد عامر کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان کے تجربے سے اسکواڈ مزید مضبوط ہوگاجبکہ بھارت میں عائد سفری پابندیوں کی وجہ سے شعیب مالک کی انگلینڈ روانگی تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔

ہیڈ کوچ مصباح الحق کہتے ہیں کہ حارث رؤف کابار بار کورونا ٹیسٹ مثبت آنا مایوس کن ہے، فاسٹ بولر محمد عامر نے بچی کی پیدائش کی وجہ سے دورہ انگلینڈ سے معذرت کی تھی لیکن اب انہوں نے اپنی دستیابی ظاہر کی ہے جس کے بعد عامر کو انگلینڈ بھیجنے کے انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

مصباح نے بتایا کہ ان کا پہلا کووڈ 19 ٹیسٹ ہو چکا ہے جبکہ دوسرا ٹیسٹ بدھ کو ہو گا اور دو ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں انگلینڈ بھیج دیا جائے گا، مساجر محمد عمران کو بھی انگلینڈ بھیجنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ محمد عامر وائٹ بال کرکٹ کے تجربہ کار بولر ہیں، کپتان سے مشاورت کے بعد فاسٹ بولر کی ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ کیا گیا، محمد عامر کے ٹیم جوائن کرنے کے بعد روحیل نزیر کوریلیز کر دیا جائے گا۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ بھارت کی عائد سفری پابندیوں کی وجہ سے شعیب ملک کی فیملی ری یونین نہیں ہوسکی اور ان کی انگلینڈ روانگی اگست کے دوسرے ہفتے تک تاخیر کا شکار ہے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ 31 جولائی کے بعد شعیب ملک بھارت جائیں گے فیملی کے ساتھ ٹائم گزارنے کے بعد ہی ٹیم کو جوائن کریں گے،کوشش یہی ہے شعیب ملک یہاں آئیں تو انہیں دو ہفتے کی ٹریننگ ملے۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ شعیب ملک کے ٹیم جوائن کرنے کے بعد ایک کھلاڑی کو ریلیز کریں گے جس کا فیصلہ بعد میں کیا جائےگا، اسکواڈ بڑا ہونے کی وجہ سے ایک اور مساجر کو بلایا جا رہا ہے۔