LIVE

کلبھوشن کیلئے وکیل مقرر کرنےکی درخواست پر سماعت کیلئے لارجربینچ تشکیل

ویب ڈیسک
August 07, 2020
 

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کے لیے وکیل مقرر کرنے کی حکومتی درخواست پر سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔ 

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل 3رکنی لارجر بینچ 3 ستمبر کو سماعت کرے گا۔

عدالت نے گزشتہ سماعت کے بعد جاری تحریری حکم نامے میں سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔

عدالتی حکم میں کہا گیا تھا کہ حکومت پاکستان کمانڈر جادھو کو ویاناکنونشن کے آرٹیکل 36 کے تحت حاصل حقوق سے آگاہ کرے اور عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر بھی توجہ دلائی جائے۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت نے کلبھوشن جادھو کی سزا کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

حکومت نے یہ درخواست حال ہی میں جاری کیے گئے صدارتی آرڈیننس کے تحت دائر کی ہے۔