LIVE

سندھ حکومت نے فضل الرحمان کے بھائی ضیا الرحمان کو عہدہ چھوڑنے سے روک دیا

ویب ڈیسک
August 10, 2020
 

کراچی کے ضلع وسطی میں تعینات خیبر پختونخوا حکومت کے افسر اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیا الرحمان نے وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے باوجود عہدے کا چارج نہیں چھوڑا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے ضیا الرحمان کو عہدے پر برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے خیبر پختونخوا کے افسر ضیا الرحمان کو ڈپٹی کمشنر کا عہدہ چھوڑنے سے روک دیا اور ضیا الرحمان کو ڈپٹی کمشنر کے حیثیت سے کام جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ضیا الرحمان کی خدمات دوبارہ خیبر پختونخوا حکومت کو دینے کا نوٹیفکیشن 27 جولائی کو جاری کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کے افسر کی ڈپٹی کمشنر سینٹرل کراچی تعیناتی پر سندھ حکومت کے افسران میں بھی تشویش پائی جاتی ہے جب کہ  پیپلز پارٹی کی قیادت مولانا فضل الرحمان کے بھائی کی سندھ میں تعیناتی برقرار رکھنا چاہتی ہے۔

 ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے باوجود وہ ڈپٹی کمشنر سینٹرل کی آسامی پر کام کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ضیا الرحمان کی تقرری پر پاکستان تحریک انصاف نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔