LIVE

آرمی چیف رواں ہفتے سعودی عرب کا اہم دورہ کریں گے

ویب ڈیسک
August 13, 2020
 

 آرمی چیف دورے کے دوران خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کریں گے،ذرائع،فوٹو:فائل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ رواں ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار نے بھی آرمی چیف کے دورہ سعودی عرب کی تصدیق کردی ہے۔

 سفارتی ذرائع کا کہنا ہےکہ آرمی چیف دورہ سعودی عرب میں سعودی حکمرانوں  سے افغانستان میں ہونے والی  پیشرفت سے متعلق تبادلہ خیال کریں گے اور اپنے میزبانوں کو مقبوضہ کشمیر  بالخصوص بھارت کے غیر آئینی الحاق کو ایک سال گزر جانے کے بعد کی صورت حال اور بھارتی فوج کی ظلم و بربریت سے تفصیلی آگاہ کریں گے۔

 رپورٹ کے مطابق آرمی چیف دورے کے دوران خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امید کی جارہی ہے کہ آرمی چیف کے دورے سے دونوں تزویراتی (اسٹریٹجک) شراکت داروں کے درمیان ہونے والی حالیہ غلط فہمی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

خیال کیا جارہا ہے کہ یہ غلط فہمی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گذشتہ دنوں دیے جانے والے ایک بیان کے بعد پیدا ہوئی ہے جس میں انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے کردار پر سخت مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

ترجمان پاک فوج  میجر جنرل بابر افتخار نے برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'یہ دورہ پہلے سے طے شدہ تھا جو کہ بنیادی طورپر دفاعی امور سے متعلق ہے'۔