LIVE

اپوزیشن کا پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ

ارشد وحید چوہدری
September 18, 2020
 

متحدہ اپوزیشن نے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس کے بائیکاٹ کی تصدیق کر دی ہے۔

قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس اسپیکر اسد قیصر نے آج شام ساڑھے 4 بجے طلب رکھا ہے جس کا نوٹیفکیشن رات دیر گئے جاری کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں گلگت بلتستان میں پارلیمانی انتخابات سے متعلق امور پر غور کیا جانا تھا۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ اپوزیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں رویے کے باعث قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ اپوزیشن سمجھتی ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اسپیکر نے جانبداری کا مظاہرہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو گلگت بلتستان میں نگراں حکومت کے چناؤ اور انتخابی تیاریوں پر بھی تحفظات ہیں جس کی وجہ سے اپوزیشن نے آج کے اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔