LIVE

’غلطی ہو گئی، آئندہ تھری پیس سوٹ پہن کر سوئمنگ کروں گا‘

ویب ڈیسک
September 19, 2020
 

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم سوشل میڈیا ناقدین پر برس پڑے۔

وسیم اکرم سوشل میڈیا پر بہت زیادہ متحرک رہتے ہیں جہاں وہ اپنے کرکٹ تجزیے کے ساتھ سماجی مسائل پر بھی روشنی ڈالتے رہتے ہیں، تاہم بعض اوقات انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے انہیں تیقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

اس بار وسیم اکرم نے تنقید کرنے والوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بیان بھی جاری کیا۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ہم سب کا مقصد ہے کہ ہم تھوڑی صحت مندانہ زندگی گزاریں، میں بہت جلد 55 سال کا ہو جاؤں گا تو کیا ہوا، کبھی کبھی آپ کوشش کرتے ہیں اور وہ کام کر لیتے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ فیس بک پر انسٹاگرام پر کافی لوگ اپنی رائے بھی قائم کرتے ہیں، ان کے لیے میرا پیغام ہے کہ بدتمیزی بزدل لوگ کرتے ہیں، ان سے یہ پتہ لگتا ہے کہ تمھاری بیک گراؤنڈ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا مجھے آپ کے بڑوں کا احساس ہوتا ہے، وہ بھی کہتے ہوں گے کہ ہم نے کیا کر لیا۔

سابق کپتان قومی ٹیم کا کہنا تھا کچھ بندوں نے مجھے کہا کہ آپ سوئمنگ پول میں بغیر شرٹ کے آگئے، غلطی ہو گئی بھائی جان، اگلی مرتبہ تھری پیس سوٹ، اور اگر یہ بھی پسند نہیں تو گھاگرا پہن لوں گا، بولنے یا لکھنے سے پہلے نہ سوچنا، کلاسک ہے۔