LIVE

فرانس سے اپنے سفیر کو مشاورت کیلئے بلوانا پڑا تو بلائیں گے، وزیر خارجہ

ویب ڈیسک
October 27, 2020
 

گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے معاملے پر پاکستان نے فرانس سے سفیر واپس بلانے پر غورشروع کردیا۔ 

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس سے اپنے سفیر کو مشاورت کیلئے بلوانا پڑا تو بلائیں گے، پارلیمنٹ سے رہنمائی لیں گے۔

حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس میں بھارت ملوث ہوسکتا ہے۔

انہوں نے بھارت کے ساتھ مذاکرات کو خارج ازامکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و ستم کے باعث پاکستان بھارت سے مذاکرات نہیں کرسکتا۔

خیال رہے کہ فرانس میں حکومتی سرپرستی میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور پھر اس کے حق میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے بیان کے بعد دنیا بھر میں فرانس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور مسلم ممالک میں فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کی مہم چل رہی ہے۔

پاکستان نے بھی فرانس کے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے اور گزشتہ دنوں پارلیمنٹ سے مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی ہے جبکہ پاکستان نے فرانسیسی سفیر کو طلب کرکے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔