Time 26 اکتوبر ، 2020
پاکستان

میکرون کا اسلام مخالف بیان، پاکستان کی فرانسیسی سفیر کو طلب کرکے شدید مذمت

فرانسیسی صدر کی جانب سے اسلام مخالف بیان پر پاکستان نے اسلام آباد میں تعینات فرانس کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے ایمانویل میکرون کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے فرانس کے صدر ایمانویل میکرون کے بیان کو جہالت پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تھا کہ میکرون نے اسلام مخالف بیان دیکر یورپ سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔

 خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے فرانسیسی سفیر مارک بریٹی کو طلب کیے جانے کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ پاکستان نے آزادی اظہار رائے کے نام پر اسلام مخالف مہم کی شدید مذمت کی ہے اور فرنچ سفیر کو  صدر میکرون کے بیان پر احتجاجی مراسلہ دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ فرانس کے صدر میکرون نے اپنے حالیہ بیان میں دہشت گردی کو اسلام سے جوڑا اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کو آزادی اظہار رائے سے منسوب کیا تھا۔

فرانسیسی صدر کے بیان پر دنیا کے مختلف ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم بھی شروع ہو گئی ہے جب کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایمانویل میکرون کو اپنے دماغ کا علاج کرانے کا مشورہ بھی دیا ہے۔

مزید خبریں :