LIVE

ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ جاری، مہنگائی میں معمولی کمی

ویب ڈیسک
November 14, 2020
 

ملک بھر میں رواں ماہ کے دوسرے ہفتے بھی مہنگائی میں کمی کا سلسلہ جاری رہا۔

وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کی جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر، آٹا اور لہسن سمیت 11 اشیاء کی قتیموں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 16 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ 22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔

ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.07 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 4.06 روپے فی کلو، لہسن 2 روپے 38 پیسے، پیاز فی کلو 46 پیسے، گندم کا 20 کلو کا تھیلا 4 روپے 69 پیسے جب کہ مونگ کی دال 3 روپے 31 پیسے سستی ہوئی ہے۔

دوسری جانب اعداو شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آلو کی فی کلو قیمت میں 56 پیسے، چکن کی فی کلو قیمت میں 22 روپے 47 پیسے، انڈے 41 پیسے فی درجن جب کہ چینی کی فی کلو قیمت میں 57 پیسے اضافہ ہوا ہے۔