LIVE

خوفناک حادثے کا شکار یہ کتا اب سکون کی زندگی گزارے گا؟

ویب ڈیسک
November 18, 2020
 

بھارت میں ٹرین حادثے میں اپنی ٹانگیں کھونے والے کتے کو  مصنوعی ٹانگیں لگادی گئیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق ایک سال قبل بھارتی ریاست ہریانہ میں ایک آوارہ کتا ٹرین کی زد میں آکر بری طرح زخمی ہوگیا تھا اور اس کی آگے کی دونوں ٹانگیں کٹ گئی تھیں۔

بھارت میں جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ادارے نے اسے اسپتال پہنچایا جہاں اسے ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

بعدازاں کتے کو جس کا نام 'روکی' رکھا گیا ہے، اسے جے پور منتقل کیا گیا جہاں اس کا آپریشن کیا گیا جس کے بعد روکی نے آگے کی دو ٹانگیں نہ ہونے کے باعث  ٹھوڑی کے سہارے چلنے کو کوشش شروع کردی۔

ریسکیو ادارے کی جانب سے روکی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی جو کہ وائرل ہوگئی اور لندن میں مقیم ایک بھارتی شہری نے روکی کی مصنوعی ٹانگیں لگوانے کے اخراجات کی ذمہ داری اٹھائی جس کے بعد اس کا آپریشن کرکے اس کی ٹانگیں لگوادی گئیں۔

روکی نے اب اپنی مصنوعی ٹانگوں پر چلنا بھی سیکھ لیا ہے اور چند دنوں میں وہ لندن چلاجائے گا جہاں اسے ایک نیا گھر بھی مل گیا ہے۔