LIVE

پی ایس ایل کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان، ملتان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں

فیضان لاکھانی
November 18, 2020
 

لیگ مرحلے میں ٹیبل پر پہلے مرحلے پر آنے والی ملتان سلطانز کا کوئی بھی کھلاڑی اس فہرست میں شامل نہیں– فوٹو: پی ایس ایل 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کردیا۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم کا انتخاب چار رکنی آزاد جیوری نے کیا جس میں بازید خان، رمیز راجہ، عروج ممتاز اور ایونٹ ٹیکنکل کمیٹی کے رکن ندیم خان شامل تھے۔

12 رکنی ٹیم میں چار غیر ملکی اور ایک ایمرجنگ پلیئر بھی شامل کیا گیا ہے۔

حیرت انگیز طور پر ٹورنامنٹ میں چھٹے نمبر پر آنے والی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا کپتان بنادیا گیا ہے، شاداب خان نے ٹورنامنٹ میں 8 وکٹیں لیں اور 263 رنز بنائے۔

لیگ اسٹیج میں ٹاپ پر آنے والی ٹیم ملتان سلطانز کا کوئی بھی کھلاڑی اسکواڈ میں نہیں آسکا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کا ایک، ایک، کراچی کنگز کے تین اور لاہور قلندرز کے چھ کھلاڑی 12 رکنی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہیں۔

پی ایس ایل ٹورنامنٹ ٹیم میں بابر اعظم، کرس لین، ایلکس ہیلز، حیدر علی، محمد حفیظ، شاداب خان، بین ڈنک، ڈیوڈ ویئسا، محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور فخر زمان بطور 12 ویں کھلاڑی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان سپرلیگ کا 5 واں ایڈیشن کراچی کنگز کے نام رہا ہے۔