LIVE

رچا چڈھا نے فلم کےکردار کیلئے بال کٹوانے سے کیوں انکار کیا؟

ویب ڈیسک
January 11, 2021
 

 بالی وڈ اداکارہ رچا چڈھا اور اداکار علی فضل کی شادی اپریل میں طے ہوگئی تھی،فوٹو: فائل 

بالی وڈ اداکارہ رچا چڈھا نے انکشاف کیا ہےکہ انہوں نے اپنی آنے والی فلم 'میڈیم چیف منسٹر' کے کردار کے لیے بال کٹوانے سے کیوں انکار کیا؟

ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں رچا نے بتایا کہ فلم کے کردار کے لیے انہیں اپنے لمبے بال کٹوانے تھے لیکن اسی دوران ان کی شادی کی تاریخ طے ہوگئی۔

رچا چڈھا کے مطابق انہوں نے فلم ڈائریکٹر کو کہا کہ وہ بال کٹوانے کے بجائے وِگ (مصنوعی بال) لگانا چاہتی ہیں جس پر ڈائریکٹر ان کی تجویز سے متفق ہوگئے پھر چھوٹے بالوں کی متعدد وگز دیکھنے کے بعد بالآخر ایک وک پسند آگئی۔

اداکارہ نے ٹوئٹر پر اپنی مختلف تصاویر بھی پوسٹ کی ہیں جس میں ان کے چھوٹے بال نظر آرہے ہیں تاہم حقیقت میں وہ وگ ہے۔

خیال رہے کہ بالی وڈ اداکارہ رچا چڈھا اور اداکار علی فضل کی شادی اپریل میں طے ہوگئی تھی تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے شادی کی ملتوی کرنا پڑا اور دونوں نے اعلان کیا کہ  جب تک کورونا ویکسن نہیں آجاتی تب تک وہ شادی نہیں کریں گے۔

اپنی شادی کے حوالے سے رچا نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا تھا کہ ہم دونوں چاہتے تھے کہ ہماری شادی میں تمام لوگ شریک ہوں اور کورونا کی وجہ سے تقریب متاثر نہ ہو۔