LIVE

نوازشریف نے براڈشیٹ کو خریدنے کی کوشش کی، ترجمان عوام کو آگاہ کریں، وزیراعظم

ایاز اکبر یوسف زئی
January 11, 2021
 

وزیراعظم عمران خان نےسانحہ مچھ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں، سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے۔

وزیراعظم نے براڈشیٹ کے دعوے کو عوام میں اجاگر کرنے کی ہدایت کرتےہوئےکہا کہ نوازشریف نے براڈشیٹ کو بھی خریدنے کی کوشش کی، عوام کو ان کے پراپیگنڈے سے متعلق آگاہ کریں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ انتخابات، فارن فنڈنگ کیس، سانحہ مچھ اور براڈشیٹ کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں اپوزیشن کے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے معاملے پر بھی حکمت عملی طے کر لی گئی۔

وزیراعظم نے سینیٹ انتخابات سے متعلق حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے، کوشش ہے انتخابات اوپن ووٹنگ سے ہوں تا کہ ارکان کی خرید و فروخت نہ ہو سکے۔

وزیراعظم نے فارن فنڈنگ کیس سے متعلق حقائق قوم کے سامنے رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے پراپیگنڈے کامقابلہ کیاجائے،  عوام کو الیکشن کمیشن میں ہمارے جواب اور اپوزیشن کے کیسز سے متعلق حقائق بتائے جائیں۔

وزیراعظم نے سانحہ مچھ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کے لیے اقدامات کررہے ہیں، مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، ایسے مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں براڈشیٹ کا معاملہ بھی زیر غور آیا، وزیراعظم نے براڈشیٹ کے دعوے کو عوام میں اجاگر کرنے کی ہدایت کرتےہوئےکہا کہ نوازشریف نے براڈشیٹ کو بھی خریدنے کی کوشش کی، عوام کو ان کے پراپیگنڈے سے متعلق آگاہ کریں۔