LIVE

مڈغاسکر میں دنیا کا سب سے چھوٹا رینگنے والا جانور دریافت

ویب ڈیسک
February 08, 2021
 

ماہرین نے اس دلچسپ اور نازک مخلوق کے ناپید ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے،فوٹو: ڈی پی اے

مشرقی افریقی ملک مڈغاسکر میں دنیا کا سب سے چھوٹا رینگنے والا جانور دریافت ہوا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق  جرمنی اور مڈغاسکر کے ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ  انتہائی چھوٹی جسامت کا یہ گرگٹ دنیا کا سب سے چھوٹا 'ریپٹائل'( رینگنے والا جاندار) ہے جو کہ انہیں شمالی جنگل میں ملا ہے۔

ماہرین نے اس کا نام 'چھوٹا گرگٹ' (nano-chameleon) رکھا ہے جس کی لمبائی ایک انچ سے بھی کم یعنی صرف 13 اعشاریہ 5 ملی میٹر  ہے۔

 خیال رہے کہ ایک انچ کے اندر 25 اعشاریہ 5 ملی میٹر ہوتے ہیں اور یہ گرگٹ اس سے بھی چھوٹا ہے اور  باآسانی کسی مکھی کی طرح انگلی کے اوپر سما سکتا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق چھوٹے گرگٹ کی یہ نسل مڈغاسکر کے  شمالی جنگلوں میں پائی جاتی ہے ۔

ماہرین نے اس دلچسپ اور نازک مخلوق کے ناپید ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ جنگلات کی کٹائی بتائی گئی ہے۔