LIVE

پی ٹی آئی سندھ کے ناراض رہنماؤں کا گورنر سندھ کو ہٹانے کا مطالبہ

ویب ڈیسک
February 26, 2021
 

تحریک انصاف سندھ کے ناراض  رہنماؤں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔

کراچی میں تحریک انصاف سندھ کے ناراض رہنماؤں کا اجلاس گل محمد رند کی قیام گاہ پر ہوا جس میں اللہ بخش انڑ، لیاقت علی جتوئی، محمد رند، ممتاز شاہ، اکبر خان بنگوار، صداقت علی جتوئی، ایوب شر، سردار خالد راجپر اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں گورنر سندھ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا  اور کہا کہ سینیٹ کے انتخابات میں گورنر سندھ نے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کی۔

ناراض رہنماؤں کا کہنا تھاکہ ضمنی انتخابات میں ملیر، سانگھڑ اور تھرپارکر میں ناقص حکمت عملی کی وجہ سے پی ٹی آئی کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا جبکہ گورنر سندھ اب تک خاطر خواہ نتائج نہیں دے سکے۔

اجلاس میں لیاقت جتوئی کو پارٹی کی جانب سے دیے گئے شوکاز نوٹس کی شدید مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ پارٹی نوٹس واپس لے کیونکہ لیاقت جتوئی پارٹی کا اثاثہ ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی رہنما لیاقت جتوئی نے الزام عائد کیا تھاکہ تحریک انصاف نے سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ کا ٹکٹ 35 کروڑ روپے میں دیا۔

اس پر انہیں پارٹی کی جانب سے شوکاز جاری کیا گیا ہے۔