LIVE

یوسف گیلانی کی نااہلی کیلئے پی ٹی آئی کی درخواست جلد سماعت کیلئے منظور

ویب ڈیسک
March 08, 2021
 

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی نشست سے جیتنے والے اپوزیشن اتحاد کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کیس سے متعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جلد سماعت کی درخواست منظور کرلی۔

فوری سماعت کی درخواست فرخ حبیب، کنول شوزب اور ملیکہ بخاری نے دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ  یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہیں اور چیئرمین سینیٹ کا انتخاب 12 مارچ کو شیڈول ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے 11 مارچ کو کیس مقرر کر رکھا ہے، پہلی بار ہوا کہ چیئرمین سینیٹ کا امیدوار انتخابی بدعنوانی کا مرتکب قرار پایا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مناسب ہوگا وقت ضائع کیے بغیر کیس کی فوری سماعت کی جائے۔

 الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کیس سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کل سماعت کیلئے مقرر کردیا۔

خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے باقاعدہ طور پر چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے امیدوار نامزد کردیا ہے۔