LIVE

جرگے کے دوران فائرنگ، نیئر بخاری کے بیٹے سمیت 3 افراد زخمی

احمد سبحان
March 10, 2021
 

اسلام آباد میں  تھانہ کوہسار کی حدود ای سیون میں جرگے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری کے بیٹے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

دو زخمیوں کو پہلے پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا جہاں تینوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

پولی کلینک حکام کے مطابق دو زخمیوں کو پولی کلینک اسپتال لایا گیا، دونوں کے پاؤں میں گولیاں لگی تھیں، زخمیوں کوابتدائی طبی امداد کے بعد پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے رہنما پیپلز پارٹی نیئر بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’بیٹے کا چند روز  پہلے جھگڑا ہوا تھا، آج اسی سلسلے میں جرگہ ہورہا تھا‘۔

 نیئر بخاری نے مزید کہا کہ ’جس بندے کے گھر پر جرگہ تھا اس نے میرے بیٹے پر فائرنگ کی، ملزم سے پستول چھیننےکےدوران باقی دو لوگ بھی زخمی ہوئے‘۔