LIVE

تجارتی تعلقات کی بحالی کا امکان، بھارت سے چینی،کپاس اور دھاگا درآمد کرنےکی تیاری

آمنہ عامر
March 30, 2021
 

پاک بھارت تجارتی تعلقات کی بحالی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں اور  بھارت سےچینی، کپاس اور  دھاگا درآمد کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت تجارت سمریاں منظوری کےلیے کل اقتصادی رابطہ کونسل (ای سی سی) میں پیش کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت تجارت نے وزیراعظم کی اجازت کے بعد سمریاں ای سی سی کو بھجوائی ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہےکہ بھارت سے چینی ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) اور کمرشل درآمد کنندگان کے ذریعے درآمد کرنے کی تجویز ہے،  اس وقت بھارت کے برآمدکنندگان ٹی سی پی کے ٹینڈرز میں حصہ نہیں لے سکتے کیونکہ بھارت کے برآمدکنندگان کی طرف سے ٹی سی پی کے ٹینڈرز میں حصہ لینے پر پابندی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت سے 30 جون2021 تک کپاس اور یارن(دھاگا) درآمد کرنے کی تجویز ہے،بھارت سے زمینی راستے کے ذریعے بھی کپاس اور یارن درآمد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

 حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کمی پورا کرنےکے لیےکپاس درآمد کرنا پڑتی ہے، بھارت سے کپاس اور یارن کی درآمد سستی پڑے گی، کپاس کی پیداوار میں تاریخی کمی کے باعث یارن پر بھی دباؤ پڑا ہے۔

خیال رہےکہ پاکستان نے اگست 2019 میں بھارت کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو معطل کر دیا  تھا۔