23 مارچ ، 2021
امریکی جریدے بلوم برگ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک بھارت امن روڈ میپ کے لیے متحدہ عرب امارات کی قیادت نے مصالحتی کردار ادا کیا۔
بلوم برگ کے مطابق دنیا گزشتہ ماہ بھارت اورپاکستان کی اعلیٰ فوجی قیادت کی جانب سے 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کے مشترکہ عزم پر حیران تھی لیکن متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید اس کے 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں دہلی کےایک روزہ دورے پر گئے تھے۔
بلوم برگ کے مطابق عرب امارات کے وزیرخارجہ عبداللہ بن زید نے 26 فروری کو بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر سے ملاقات کی اور بند دروازے میں ہوئے اجلاس سے آگاہ حکام نے پاکستان بھارت سیز فائر معاہدے کی پاسداری کے اعلان کو عرب امارات کی ایک ماہ قبل شروع کی جانے والی کوشش کے سلسلے میں اہم پیش رفت قرار دیا۔
بلوم برگ کا کہنا ہے کہ پاک بھارت سیز فائر اس بڑے روڈ میپ کا محض آغاز ہے جس کا مقصد ہمسایہ ملکوں کے درمیان پائیدار امن قائم کرنا ہے، سیزفائر سے متعلق مشترکہ اعلان کے بعد عرب امارات نے اپنے سرکاری اعلامیے میں دو ملکوں کی کوششوں کو تاریخی قرار دیتےہوئے سراہا تھا۔
بلوم برگ کے مطابق اگلے مرحلے میں دونوں ملک اپنے سفارتی عملے کو دہلی اور اسلام آباد میں متعین کریں گےجس کے بعد مشکل مرحلہ آئے گا، اس مرحلے میں دوطرفہ تجارت اور کشمیر کے مسئلے کے دیرپا حل پر بات ہوگی۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزارتِ خارجہ ان اطلاعات پر کسی ردعمل کا اظہار آج کر سکتی ہے۔