LIVE

صوابی میں گاڑی پر فائرنگ، اے ٹی سی جج، اہلیہ اور 2 بچوں سمیت شہید

ویب ڈیسک
April 04, 2021
 

خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں سوات کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج آفتاب آفریدی، بیوی اور دو بچوں سمیت شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جج آفتاب آفریدی پشاور سے اسلام آباد جارہے تھے کے صوابی انٹرچینج کے قریب ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار اے ٹی سی جج آفتاب آفریدی، اہلیہ اور 2 بچوں سمیت شہید ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے جج کے 2 سیکیورٹی گارڈزبھی زخمی ہوئے ہیں جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پشاور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق جج آفتاب آفریدی سوات کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں تعینات تھے جبکہ ان کی پوسٹنگ 13 فروری 2021 کو ہوئی تھی۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج آفتاب آفریدی کے قتل کی مذمت کی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ جج آفتاب آفریدی، ان کے دو بچوں اور اہلیہ کے قتل میں ملوث ملزموں کو جلد گرفتار کیا جائے گا اور ذمہ داروں کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔