LIVE

ایک سال قبل جھیل میں گرنے والا فون صحیح سلامت نکل آیا

ویب ڈیسک
April 09, 2021
 

فوٹو بشکریہ بی بی سی 

تائیوان میں 56 سالوں کے دوران بدترین خشک سالی نے جہاں ملک کی بڑی بڑی جھیلوں کو خشک کردیا وہیں اس خشک سالی نے ایک شہری کو اس کی کھوئی ہوئی چیز لوٹادی۔

 برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق چن نامی شہری کا کہنا ہے کہ ایک سال قبل  پیڈل بورڈنگ کے دوران ان کا آئی فون جھیل میں گرگیا تھا لیکن گزشتہ ہفتے جھیل پر کام کرنے والے ایک ملازم کی جانب سے فون کرکے انہیں ان کا موبائل فون ملنے کی اطلاع دی گئی۔

فوٹو بشکریہ تائیوان نیوز

چن کا کہنا ہے کہ انہیں جب یہ اطلاع ملی کہ ایک سال پہلے جھیل میں گرا ان کا موبائل فون نہ صرف مل گیا ہے بلکہ واٹر پروف کورنگ کی وجہ سے اب تک کام کررہا ہے تو انہیں رات بھر خوشی کے عالم میں نیند ہی نہیں آئی۔

چن کے مطابق انہیں موبائل فون واپس کرنے والے ملازم نے بتایا کہ خشک سالی کی وجہ سے اس وقت جھیل میں 50 سے 60 سالوں کے دوران کم ترین پانی ہے جس کی وجہ سے ان کا موبائل فون مل گیا۔