LIVE

وزارت داخلہ نے مظاہرین کی گرفتاریوں سے متعلق رپورٹ جاری کردی

اعزاز سید
April 14, 2021
 

وفاقی وزارت داخلہ نے ملک کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعت کے احتجاج اور دھرنوں سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔

وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر سے 2 ہزار 135 افراد گرفتار کرلیےگئے جن میں سب سے زیادہ 1669 افراد پنجاب اور سندھ سے 228 افرادگرفتار کیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا سے 193 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 45 افراد گرفتار کیےگئے جبکہ گرفتار افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کے مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایک مذہبی جماعت کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی دھرنے دیے گئے تھے جبکہ کراچی سمیت صوبے کے مختلف مقامات پر بھی دھرنے دیے گئے جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ان دھرنوں اور احتجاج کے دوران مظاہرین سے جھڑپوں میں پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے ہیں۔

اُدھر حکومت نے تحریک لبیک پر پابندی لگانے اور سڑکوں کو مظاہرین سے خالی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔