LIVE

'معاوضے سمیت چھٹیوں' کیلئے 37 دن میں 4 شادیاں کرنے والا شخص

ویب ڈیسک
April 15, 2021
 

فوٹو فائل

دنیا بھر میں انوکھے تجربات کرنے والے افراد کی کمی نہیں لیکن آپ کو  یہ جان کر حیرت ہوگی کہ تائیوان سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے معاوضے کے ساتھ ملنے والی چھٹیوں کے لیے 37 دن میں 4 شادیاں کر ڈالیں۔

تائیوان کے قانون کے مطابق کسی بھی شخص کو شادی کے وقت کام سے 8 چھٹیاں دی جاتی ہیں اور  ادارہ اس شخص کو ان چھٹیوں کا معاوضہ بھی ادا کرتا ہے۔

تائیوان سے تعلق رکھنے والے شخص نے اپنی پہلی شادی پر ملنے والی چھٹیوں کے آخری روز اپنی بیوی کو طلاق دے دی اور اگلے ہی دن دوسری شادی کر  کے قانون کے تحت ایک بار پھر 8 چھٹیاں طلب کر لیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس شخص نے چھٹیوں میں توسیع کے لیے ایک ہی عورت سے 37 دن کے اندر  4 مرتبہ شادی کی اور  اسے 3 مرتبہ طلاق دی اور  متعلقہ شخص معاوضے کے ساتھ 32 چھٹیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

فوٹو فائل

لیکن اس سے پہلے آپ کو یہ سب آسان لگے، آپ کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ جب تائیوان سے تعلق رکھنے والے اس شخص نے طلاق کے اگلے ہی دن اسی عورت سے شادی کر کے بینک میں (جہاں وہ بطور کلرک ملازمت کرتا تھا) چھٹیاں طلب کیں تو کلرک کی چالاکی کو سمجھتے ہوئے بینک نے مزید چھٹیاں دینے سے انکار کر دیا۔

جس کے بعد کلرک کی جانب سے بینک کے خلاف لیبرکورٹ میں درخواست دائر کی گئی، درخواست میں کلرک نے امپلائر  پر قانون توڑنے کا الزام لگایا۔

بعد ازاں لیبر بیورو کی جانب سے تحقیقات کا آغاز ہوا اور ثابت ہوا کہ بینک نے قانون کی خلاف ورزی کی جس پر بینک کے مالک پر  700 ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔