LIVE

اسرائیل کا جنگی جنون، تل ابیب ائیرپورٹ سنسان، ایک دن میں 89 پروازیں منسوخ

افضل ندیم ڈوگر
May 18, 2021
 

اسرائیل کے جنگی جنون اور دہشت گردی طرز کے فضائی حملوں کے نتیجے میں تل ابیب انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت 15 فیصد رہ گئی ہے— فوٹو: فائل

اسرائیل کے جنگی جنون اور دہشت گردی طرز کے فضائی حملوں کے نتیجے میں تل ابیب انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت 15 فیصد رہ گئی ہے۔

روزانہ 85 فیصد پروازیں منسوخ کی جا رہی ہیں۔ ائیرپورٹ ریکارڈ کے مطابق کورونا وائرس کی پابندیوں کے باوجود حالیہ دنوں میں تل ابیب کے بن گورین انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے روزانہ 100 سے زائد پروازیں آپریٹ کی جا رہی تھیں مگر تل ابیب پر راکٹ بازی اور اسرائیل کے غزہ پر فضائی حملوں کی وجہ سے بین الاقوامی ٹریفک اسرائیل کا رخ نہیں کررہا۔

ذرائع کے مطابق صرف اسرائیل کی سرکاری اور نجی ائیرلائنز  ائیرپورٹ آپریشن بحال رکھے ہوئے ہیں جسے حملوں کے دوران بند بھی کیا جاتا ہے۔

ائیرپورٹ سے روزانہ 70 سے 90 کے درمیان فلائٹس منسوخ ہو رہی ہیں۔ ائیرپورٹ ریکارڈ کے مطابق 17 مئی کو اسرائیل کے اس مرکزی ائیر پورٹ سے 89 پروازوں کی آمد اور روانگی منسوخ ہوئی۔ اسرائیل آنے والی 47 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

ائیرپورٹ حکام کے مطابق بن گورین ائیرپورٹ سے روانگی کے شیڈول کی 42 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق 17 مئی کو بن گورین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صرف 9 پروازوں نے لینڈ کیا جبکہ 10 جہاز روانہ ہوئے۔