LIVE

امریکی صدر اسرائیلی وزیراعظم سے جنگ بندی کا مطالبہ نہ کرسکے

ویب ڈیسک
May 18, 2021
 

امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کو جنگ بند کرنے کا کہنے سے گریز  کرتے ہوئے  صرف اتنا کہا کہ وہ جنگ بندی کی حمایت کرتے ہیں۔

 امریکی صدر جو بائیڈن اور اسرائیلی وزیر اعظم بن یامن نیتن یاہو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں امریکی صدر نے غزہ میں جنگ بندی کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر نے ٹیلیفونک رابطے میں جنگ بندی کی حمایت کا اظہار کیا ہے اور اس تنازع کے حل کے لیے مصر اور دیگر فریقین کے ساتھ امریکی رابطے پر بات کی ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ اس تنازع میں معصوم شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کی ہر ممکن کوشش کرے۔

امریکی صدر کی جانب سے حماس کے حملوں کے جواب میں اسرائیل کے دفاع کے حق کی بھی بھرپور حمایت کی گئی۔دونوں رہنماؤں نے غزہ میں حماس اور دیگر گروہوں کے خلاف اسرائیل کی فوجی کارروائیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جنگ بندی کے مطالبے کی سلامتی کونسل کی قراداد تیسری بار بلاک کرنے پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب  امریکی کانگریس نے اسرائیل کو مزید 735 ملین ڈالر کا اسلحہ دینے کی منظوری دے دی  ہے۔

امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے مطالبے میں امریکی تاخیر  بچوں کےقتل اورتباہی کی وجہ بنی، اب بائیڈن کو اسرائیلی قبضےکے خاتمے پرزور دینا ہوگا۔

اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کی تنظیم "امن کے جنگجو "نے اسرائیل کو جنگی مجرم قرار دے دیا ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی بمباری میں اب تک بچوں اور خواتین سمیت 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔